بنگلورو،20؍جون (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں 21جون پیر سے دوسرے مرحلہ کے ان لاک 2 کا آغاز ہورہا ہے۔ جن اضلاع میں 5فی صد سے کم پازیٹی ویٹی ہے، ان اضلاع میں پہلے ان لاک کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے جس کا وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے سنیچر کو اعلان کیا تھا۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈی یورپا نے کہاکہ 16اضلاع جن میں شمالی کنڑا،بلگاوی، منڈیا، ٹمکور، باگل کوٹ، کلبرگی، کوپل، چک بالاپور، گدگ، بنگلور اربن، کولار، رائچور، ہاویری، رام نگرم، یادگیر، بیدر شامل ہیں جہاں پازیٹی ویٹی کی شرح 5فی صد سے کم ہے۔ البتہ انہوں نے واضح کیا ہے کہ لاک ڈاون میں نرمی کے دوران ریاست میں عبادت گاہیں،تعلیمی ادارے، شاپنگ مالس، تفریحی پارکس اور سنیما گھروں کوکھولنے کی اجاز ت نہیں رہے گی۔
یڈی یورپا نے بتایا ہے کہ 21جون تا 5جولائی تک ان لاک 2 کو جاری کیا جارہا ہے۔ 13اضلاع جہاں پازیٹی ویٹی کی شرح 5فی صد سے زیادہ اور10 فی صد سے کم ہے، لاک ڈاؤن جاری رہے گا اور پچھلے والے گائیڈ لائنس ہی جاری رہیں گے۔
میسور وضلع میں کورونا پازیٹی ویٹی 10فی صد سے زیادہ ہے اس لئے لاک ڈاؤن سخت پابندیوں کے ساتھ جاری رہے گا۔ بشمول بنگلور مذکورہ 16/اضلاع میں بروز پیر 21 جون سے 50فی صد مسافروں کے ساتھ سرکاری بسوں پرائیویٹ بسوں اور میٹرو ریل سروس کی اجازت رہے گی۔ ان اضلاع میں صبح 6تا شام 5بجے تمام دکانیں کھولنے کی گنجائش رہے گی۔ جب کہ ہوٹلس، ریسٹورنٹس، شراب کے بغیر، لاڈجس، کلبس، جیم 50فی صد گاہکوں کے ساتھ شام 5بجے تک کھولنے کی اجازت رہے گی۔ سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر50 فی صد ملازمین کی حاضری کے ساتھ کام کرسکتے ہیں۔ لاڈجس اور ریسارٹس 50 فی صد گنجائش کے ساتھ کھولے جاسکتے ہیں۔ شام 7بجے تا صبح 5بجے رات کا کرفیو جاری رہے گا۔
ریاست بھر میں ویک اینڈ کرفیو بروز جمعہ شام7بجے تا بروز پیر صبح 5بجے جاری رکھا گیا ہے۔ شرابیوں کو شراب خانوں میں بیٹھ کر پینے کی اجازت نہیں البتہ پارسل لے جاسکتے ہیں۔
ان لاک 2کی اہم باتیں
٭ تمام دکانوں کو شام 5بجے تک کھلا رکھنے کی ہدایت
٭ ہوٹلوں کو ایر کنڈیشن چالو کئے بغیر 50فیصد لوگوں کے لئے کھانے کا نظم کرنے کی اجازت
٭ بس اور میٹرو 50فیصد مسافروں کے ساتھ دوڑیں گی
٭ باہری کھیلوں کو حاضرین کے بغیر جاری رکھنے کی اجازت
٭ سرکاری اور نجی دفاتر 50فیصد عملہ کے ساتھ کام کرسکیں گے
٭ لاڈج اور ریسارٹ 50فیصد گاہکو ں کو خدمات فراہم کر سکتے ہیں
٭ جمس میں 50فیصد خدمات کی اجازت
٭ وہ اضلاع جہاں کورونا کی پازیٹیویٹی شرح5فیصد سے زیادہ ہے وہاں ان لاک۔1.0کے تحت دی گئی رعایتیں لاگوہوں گی اور صبح6بجے سے دوپہر 2بجے تک اشیائے ضروریہ کی خریداری کی چھوٹ رہے گی۔
٭ میسور ضلع جہاں پازیٹیویٹی شرح10فیصد سے زیادہ ہے وہاں لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔
٭ ریاست بھر میں شام7بجے سے صبح5بجے تک کا نائٹ کرفیو جاری رہے گا۔ ویک اینڈ میں جمعہ کی شام 7بجے سے پیر کی صبح5بجے تک کرفیو برقرا ر رہے گا۔